کپاس کی چنائی10سے 4بجے تک کریں:ڈائریکٹر زراعت
فیصل آباد (نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے کہا ہے کہ کاشتکارآلودگی سے پاک کپاس کے حصول کے لئے وضع کردہ سفارشات پر عمل کریں۔ کپاس کی چنائی سورج کی روشنی میں صبح 10 سے شام 4 بجے تک کریں۔۔۔
اور چنائی پودے کے نچلے حصے سے شروع کی جائے ۔پٹ سن یا پولی پراپلین کے بورے ہرگز استعمال نہ کریں۔ معیاری اور آلودگی سے پاک روئی کی قیمت مقامی و عالمی منڈیوں میں زیادہ ملتی ہے جبکہ آلودگی سے پاک صاف چنائی والی کپاس کو خریدار زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ محکمہ زراعت توسیع کی 13 خواتین زراعت آفیسر نے 360 کپاس کے دیہاتوں میں خواتین کو چنائی کے حوالے سے تربیت بھی مکمل کی ہے ۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق امسال کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے تمام افسر اور فیلڈسٹاف کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک ہیں۔ ابتک جننگ فیکٹریوں میں کپاس کی آمد گزشتہ سال کی نسبت دوگنا رہی ہے ۔ کراپ رپورٹنگ سروس پنجاب کے مطابق صوبہ میں رواں سال ستمبر کے وسط تک کپاس کی پیداوار تقریباً 22 لاکھ گانٹھیں رہی ۔وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر رواں سال کپاس کے پیداواری ہدف کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ زراعت کاشتکاروں کے ساتھ فیلڈ میں اُنکی فنی رہنمائی کررہاہے ۔ صوبہ میں کپاس کی بحالی کیلئے کاشتکاروں کو ترغیبات فراہم کی گئیں اور بوائی سے قبل کپاس کی امدادی قیمت 8500 روپے من مقرر کی گئی تاکہ کپاس کی کاشت منافع بخش ثابت ہو۔ کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کا بیج سبسڈی پر دیا گیا۔ فاسفورس و پوٹاش کھادوں پر بھی اربوں روپے سبسڈی دی گئی ان ترغیبات سے پنجاب میں 42 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ کپاس کے زیرِ کاشت لایا گیا۔ کاشتکاروں میں مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے امسال کپاس کے پیداواری مقابلوں کا اعلان کیا گیا۔ کپاس کے کاشتکاروں کو تحصیل سطح پر سہولت سینٹرز پررعایتی نرخوں پر معیاری ادویات فراہمکی جا رہی ہیں۔