ورلڈ کپ: آن لائن جوا کرنیوالی اپیلی کیشنز سرگرم
فیصل آباد(بلال احمد سے)ورلڈ کپ کرکٹ کے آغاز پرسوشل میڈیا پر جوا کروانے والی آن لائن ایپلی کیشنز بھی سرگرم ہوگئیں۔ میچوں پر جوا کھیلنے کی ترغیب دینے کے لیے فیس بک سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر اشتہارات کی بھرمار، شہریوں نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی۔۔۔
اور ایف آئی اے سے کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ انڈیا میں ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ شروع ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مختلف بیٹنگ کمپنیوں کے اشتہارات کا سیلاب آگیا۔ آنے والے میچوں پر جوا لگانے کیلئے کمپنیوں کی طرف سے فیس بک دیگر سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر لاکھوں کے اشتہارات چلا کر سوشل میڈیا صارفین کو راغب کیا جا رہا ہے ۔ ایپلی کیشنز کی جانب سے ممبر شپ کے ذریعے شہریوں سے مخصوص رقم جمع کروانے کا کہا جاتا ہے جس پر میچ کے دوران جوا لگا کر انعامی رقم جیتنے کا جھانسہ دیا جاتا ہے ۔ سوشل میڈیا صارفین کے مطابق چند روز سے تواتر سے مختلف کمپنیوں کے اشتہارات سامنے آ رہے ہیں جن میں بڑے بڑے انعامات دکھا کر صارفین کو سبز باغ دکھائے جا رہے ہیں اور میچوں پر جوا کھیلنے کی جانب راغب کیا جا رہا ہے ۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ایسی کمپنیوں کیخلاف مؤثر کارروائی کرے جو سادہ لوح افرادکو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے ایسی تمام ایپلی کیشنز کو بلاک کرنے اور ایف آئی اے سے انکے مالکان کا سراغ لگا کر سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہے ۔