والدین انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنائیں :ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ہمیں موثر اقدامات کو عملی جامہ پہنانا ہے ۔ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے والدین محکمانہ اقدامات میں معاونت کریں تاکہ ملک سے پولیو کا خاتمہ ہوسکے ۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عبداﷲ نیئر شیخ نے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے کیا۔انہوں نے کہاضلع میں انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد جاری ہے ۔مہم کے پہلے روز 2 لاکھ 35ہزار 191 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ۔ڈپٹی کمشنر عبداﷲ نیئر شیخ نے اسسٹنٹ کمشنرز کو مہم کی کڑی نگرانی کی ہدایت کرتے کہا کہ سو فیصد اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے ۔پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچہ تک رسائی ہونی چاہیے ۔ پولیو ٹیموں کو متحرک کریں،فکسڈ پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کی موجودگی کو باربار چیک کیا جائے اورہر روز کا مختص کردہ ٹارگٹ مکمل ہونا چاہیے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی تمام مشینری پولیو مہم کی مانیٹرنگ پر مامور ہے ،غفلت یا لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں۔