ضلعی پولیس کی فیول لمٹ میں کمی : مئوثر گشت نہ ہونے سے جرائم میں اضافہ

ضلعی  پولیس  کی  فیول  لمٹ  میں  کمی  :  مئوثر  گشت  نہ  ہونے  سے  جرائم  میں  اضافہ

فیصل آباد(عبدالباسط سے )پٹرولنگ پولیس کے بعد ضلعی پولیس کیلئے تھانہ جات کے علاقوں میں گشت، کال رسپانس، انسدادی کارروائیوں اور دیگر محکمانہ امور کی انجام دہی کیلئے سرکاری گاڑیوں کیلئے ملنے والا فیول انتہائی حد تک کم کردیاگیا ۔۔

جس سے علاقوں میں پولیس گشت نہ ہونے کے برابر رہ گیا، پولیس کی گشت، موثر پٹرولنگ نہ ہونے سے جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ فیول کی لمٹ کم ہونے سے پولیس کی کارکردگی متاثر ہونے کے باوجود بھی حکام فنڈز اور فیول لمٹ بڑھانے میں غیر سنجیدگی کا مظاہر ہ کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پٹرولنگ اینڈ ہائی وے پولیس کے بعد ضلعی پولیس کو ملنے والے فیول کی مقدار بھی انتہائی حد تک کم کردی گئی۔ ضلع بھر کے تھانہ جات اور پولیس چوکیوں کے علاقوں میں گشت، انسدادی کاروائیوں، موّثر پٹرولنگ، اور دیگر محکمانہ امور کی انجام دہی کیلئے پولیس کی سرکاری گاڑیوں کو یومیہ ملنے والے فیول کی مقدار میں شدید کمی کردی گئی۔ پولیس موبائلز کیلئے ملنے والے یومیہ فیول کی مقدار 28 لیٹر سے کم کرکے 10لیٹر، ایگل موٹرسائیکل کیلئے ماہانہ 60 لیٹر فیول کو کم کرکے 30 لیٹر کردیاگیا، جس سے پولیس ٹیموں کا گشت غیر فعال ہوگیا ہے ۔ مین شاہراہوں، گلی محلوں، چوراہوں اور دیگر مقامات پر پولیس ٹیمیں تو دکھائی نہیں دیتیں تاہم مسلح ڈاکوئوں کے گروہ سرعام وارداتیں کرنے اور شہریوں سے لوٹ مار کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کسی بھی واردات، حادثہ، لڑائی جھگڑے یا دیگر کسی بھی معاملے پر جب شہریوں کو پولیس کی مدد درکار ہو تو فیول کی کمی پرپولیس ٹیم کو جائے وقوعہ پر پہنچنے میں بھی مسائل آڑھے آتے رہتے ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے ہی ڈیوٹی سے بچنے کی کوشش کرنے والے افسرو و ملازمین فیول کی کمی کا جواز پیش کرتے ہوئے مزید غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے اور ڈیوٹیوں سے غیر حاضر رہنے کو ترجیح دینے لگے ہیں جبکہ مختلف انسدادی کارروائیوں، ریڈ، آپریشنز اور دیگر کارروائیوں کیلئے پولیس افسروں و ملازمین کی جانب سے مدعیان اور ملزموں کے ورثاء سے مبینہ طور پر فیول کی مد میں پیسے بٹورے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ جس سے کرپشن اور بے ضابطگیوں کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں تاہم معاملے پر سٹی پولیس آفیسر کاکہناہے کہ پٹرولنگ اور انسدادی کارروائیوں کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،پولیس جرائم کی روک تھام کیلئے مصروف ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں