تعلیمی دفاتر میں بغیر لائسنس اورکم عمر بچوں کا داخلہ بند

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) فیصل آباد میں محکمہ تعلیم کے دفاتر میں 18سال سے کم عمر بچوں اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس کار یا موٹر سائیکل کا داخلہ بند کردیا گیا۔ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو بھی محکمہ تعلیم کے دفاتر میں انٹری نہیں ملے گی۔
حکومت کی طرف سے لگائی گئی پابندی پر عملدرآمد کروانے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کے انچارج ایجوکیشن یونٹ ڈاکٹر مبشر نے سی ای او ایجوکیشن کاشف ضیاء سے ملاقات کی۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے کیلئے محکمہ تعلیم اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ کوششیں کرنے کا عزم ظاہر کیا اور سکولز کی مارننگ اسمبلی میں بھی ٹریفک قوانین بارے آگاہی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے دفاتر میں بینرز آویزاں کردیئے گئے ۔ میٹنگ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز عبدالغفار اور ڈاکٹر شکیل بھی موجود تھے ۔