مارکیز مالکان واسا کے ایک کروڑ 18لاکھ کے نادہندہ

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)واسا حکام کا محض عام نادہندہ صارفین پر ہی زور چلنے لگا جبکہ فیصل آباد کے 45سے زائد مارکیز مالکان واسا کے نادہندہ ، 1کروڑ 18لاکھ روپے کے بلز کی ریکوری نہ کی جاسکی۔
چند روز قبل پندہ روز مہلت دینے کے بعد ایک بار پھر سے پندہ روز میں بلز جمع کرانے کا وقت دے دیا۔ واسا فیصل آباد کانادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے لیکن واسا حکام کا زور محض عام صارفین پر چلنے لگا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کروڑوں کے نادہندگان شادی ہالز اور مارکیز مالکان کے خلاف کوئی کریک ڈائون نہیں کیا جارہا بلکہ انہیں بار بار محض ڈیڈ لائنز ہی دی جانے لگی ہیں جس سے واسا کی ریونیو کولیکشن متاثر ہو رہی ہے ۔ فیصل آباد کے 45 مارکیز و شادی ہالز مالکان کی جانب سے واسا کے تقریباً 1کروڑ 18 لاکھ روپے دبا لیے گئے واسا افسر تاحال کچھ نہ کرسکے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واسا کے متعدد افسر و ملازمین ان سے مبینہ طور پر چند ہزار روپے بٹور کر انہیں کروڑوں دبانے کی اجازت دے دیتے ہیں۔ واسا ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی مارکیز مالکان کو چند دن کا عندیہ دے کر چھوڑ دیا گیا اور ریکوری نہ ہوسکی اور اب ایک بار پھر انکو پندرہ روز کی مہلت دے دی گئی ہے۔اس حوالے سے عام صارفین کا کہنا ہے کہ اگر انکے بلز لیٹ ہوجائیں تو واسا حکام نکشنز منقطع کردیتے ہیں لیکن بڑے بزنس مینز کو کچھ نہیں کہا جاتاجبکہ واسا حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ پندرہ روز میں بلز نہ جمع کروائے گئے تو مارکیز و شادی ہالز مالکان کے کنکشنز منقطع کردیئے جائیں گے ۔