پولیس کا فیول بحال نہ ہوسکا،گشت متاثر،وارداتیں عام

فیصل آباد(عبدالباسط سے)دو ماہ سے زائد گزرنے کے باوجود بھی ضلع بھر کے تھانہ جات، پولیس چوکیوں، ایگل، ایلیٹ اوردیگر پولیس فورس کی گاڑیوں کیلئے سرکاری فیول بحال نہ ہوسکا۔
فیصل آباد(عبدالباسط سے)دو ماہ سے زائد گزرنے کے باوجود بھی ضلع بھر کے تھانہ جات، پولیس چوکیوں، ایگل، ایلیٹ اوردیگر پولیس فورس کی گاڑیوں کیلئے سرکاری فیول بحال نہ ہوسکا۔ پولیس گشت نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈکیتی، چوری، راہزنی، نوسربازی، اغوا، اور دیگر سنگین جرائم کی بڑھتی وارداتوں میں ملوث عناصر کھلے عام جرائم کی وارداتوں میں مصروف،دن دہاڑے لوٹ مار اور دیگر سٹریم کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر شہری گھروں سے باہر نکلنے سے بھی خوف کا شکار جبکہ واردات پرپولیس پولیس ہیلپ لائن پر کال کرنے والے شہریوں کو پولیس ٹیموں کی جانب سے موقع پرپہنچ کر داد رسی کرنے کی بجائے فون کالز کرکے ہی وقوعہ کی تفصیل حاصل کرکے افسروں کو فیڈ بیک دینے سمیت گشت ڈیوٹی پر مامور افسروں و اہلکاروں کی جانب سے فیول کی مد میں سائلین سے پیسے بٹورنے کے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں پولیس کو شدید مالی مسائل کا سامنا ہے ۔ ناصرف تھانہ جات ، پولیس چوکیوں ،دفاتر میں نجام دئیے جانے والے اہم امور متاثر ہورہے ہیں بلکہ مالی مسائل اور فنڈز کی قلت پر فیصل آباد ضلع بھر کے تھانہ جات، پولیس چوکیوں اور دیگر گاڑیوں کا فیول بھی دو ماہ سے زائد سے روک دیاگیاہے ۔ فیول بحالی،پولیس گشت کو موثر اور باقاعدہ کرنے کیلئے متعدد بار پولیس حکام نے یقینی دہائی کروائی لیکن مسائل جوں کے توں ہیں۔
ضلع بھر کے 44تھانوں،25 سے زائد پولیس چوکیوں کی موبائلز،ایگل ، ایلیٹ ودیگر فورسز کو گشت ، موثر پٹرولنگ اور انسدادی کارروائیوں کیلئے فیول نہ ملنے سے انکی گاڑیوں کے پہئے جام ہوکر رہ گئے ہیں جس سے جرائم پیشہ عناصر کھلے عام جرائم کی وارداتوں میں مصروف ہیں۔ ڈکیتی، چوری، راہزنی و دیگر سنگین جرائم کی یومیہ تعداد 300سے تحاوز کرچکی ہے ۔ رواں سال ابتک 30سے زائد افراد کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل جبکہ 65سے زائد افراد کو ڈاکوئوں کی جانب سے شدید زخمی کردیاگیا ہے ۔ زیورات،نقدی ودیگر قیمتی سامان چھیننے اور چوری ہونے کی 25 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ معاملے پر سٹی پولیس آفیسر علی ضیاء کا کہنا ہے کہ بڑھتی وارداتوں کی روک تھام کیلئے بہتر حکمت عملی اپنائی جارہی ہے ۔