ضلعی انتظامیہ کی غفلت ، شہری علاقوں سے گائے بھینسوں کا انخلا نہ ہوسکا ، گوبر پھینکنے سے مکین سیوریج مسائل کا شکار

ضلعی انتظامیہ کی غفلت ، شہری علاقوں سے گائے بھینسوں کا انخلا نہ ہوسکا ، گوبر پھینکنے سے مکین سیوریج مسائل کا شکار

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی غفلت پر شہری علاقوں سے گائے بھینسوں کا انخلا نہ ہوسکا۔

بھینسوں کے باڑوں کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مدینہ ٹائون، شاداب کالونی، اقبال کالونی اور شمس آباد سمیت دیگر علاقوں سے بھینسوں کا انخلا نہیں کیا جاسکا۔ شہری علاقوں میں موجود جانوروں کی گندگی کے باعث علاقہ مکینوں کاجینامحال بناہواہے جبکہ انکروچمنٹ انسپکٹرز کو کئی بار شکایات کے باوجودجانوروں کا انخلاء نہ ہوسکا باڑوں میں موجود درجنوں بھینسوں کا کئی ٹن گوبر خالی پلاٹس میں پھینک دیا جاتا ہے ۔ جس سے ارد گرد کے علاقہ مکینوں کو تعفن اور مچھروں کی بہتات سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گائے بھینسوں کا گوبر سیوریج سسٹم میں بھی شامل ہوتا ہے جس سے سیوریج سسٹم بھی ناکارہ بن جاتا ہے اور سیوریج کا پانی گلیوں میں پھرتا نظر آتا ہے ۔ گائے بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقل نہ ہونے سے رہائشی علاقے گندگی اور تعفن سے بھرے رہتے ہیں۔ علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ باعث رہائشی علاقوں میں گوبر کے بڑے بڑے ڈھیر لگے رہنے سے ہروقت تعفن پھیلتارہتاہے جس سے زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے ، شکایات اور نشاندہی کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے افسروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں