الائیڈ ہسپتال: تعمیراتی کام پر حاملہ خواتین کو مشکلات،1ماہ میں 700 سے زائد آپریشن متاثر

الائیڈ ہسپتال: تعمیراتی  کام  پر  حاملہ خواتین  کو  مشکلات،1ماہ میں 700  سے  زائد  آپریشن  متاثر

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال میں ایک ماہ کے دوران زچگی کے 700 سے زائد آپریشن متاثر، تعمیراتی کام پرآپریشن تھیٹر میں صرف ایمرجنسی کیس کی سہولت، دیگر مریضوں کو دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کرنا معمول بن گیا۔

 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن منصوبے ناقص حکمت عملی پرمریضوں کے لیے زحمت بن گئے ۔ الائیڈ ہسپتال میں علاج معالجے کا نظام درہم برہم ،آدھے حصے میں کام جاری ہے تو آدھے میں مریضوں کو کسی نہ کسی طریقے سے طبی سہولیات فراہمی جا ری ہے ۔ ذرائع کے مطابق مریضوں کے لیے بیڈز کم ہونے پر ہسپتال میں ایک ماہ سے گائنی آپریشن بند ہیں صرف ایمرجنسی کیس لیا جاتا ہے دیگر مریضوں کو دوسرے ہسپتال ریفر کرنے سے حاملہ خواتین کے مسائل سنگین ہوگئے ہیں۔ تعمیراتی کام سے قبل ہسپتال میں یومیہ 25 سے 30 آپریشن کیے جا رہے تھے جنکی تعداد صرف 2 سے 3 رہ گئی ہے ۔ دور دراز علاقوں سے آنیوالے مریضوں اورخواتین کا کہنا ہے کہ ایک ہی بار شہر کے دو بڑے ہسپتالوں میں توڑ پھوڑ کردی گئی ۔ حاملہ خواتین پہلے ہی بمشکل سفر کرکے ہسپتال آتی ہیں تو کبھی دوسرے تو کبھی تیسرے ہسپتال بھیج دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبوں کا کام جلد مکمل کروایا جائے ۔ الائیڈ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کے مسائل پر معذرت خواہ ہیں۔ تعمیرو توسیع کا کام جلد مکمل کرکے علاج معالجہ سہولیات معمول کے مطابق شروع کردی جائینگی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں