این جی اوز ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث

این  جی    اوز  ملک    دشمن  سرگرمیوں  میں  ملوث

فیصل آباد(عبدالباسط سے )این جی اوزکی جانب سے آگاہی سیمینار اور ورکشاپس کے نام پر ملک دشمن سرگرمیاں چلائے جانے کا انکشاف ،ہوٹلز، میرج ہالزو دیگر مقامات پر این جی اوز کی جانب سے پولیس، سپیشل برانچ، انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے اجازت اور این او سی حاصل کئے۔۔

 بغیر ہی مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جانے لگا ۔غیرملکی کمانڈ میں چلنے والی غیر قانونی این جی اوز کے سربراہان، ٹیم ممبرز کی جانب سے پیسوں کے حصول کیلئے مختلف انداز میں منفی سرگرمیاں کرتے ہوئے وطن عزیز کی دنیا بھر میں بدنامی کرائی جارہی ہے جبکہ غیرملکی این جی اوز کی غیر قانونی سرگرمیوں بارے خفیہ اداروں کی متعلقہ اداروں کو رپورٹس ارسال کرنے کے باوجود بھی حکام کارروائیوں کی بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق دشمن عناصر کی جانب سے این جی اوز کی آڑ میں ملک کی بنیادیں کھوکھلی کی جارہی ہیں ۔غیر رجسٹرڈ اور رجسٹرڈ این جی اوز کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کرنے کیلئے محکمہ سپیشل برانچ، انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی منصوبہ بندی اور حکمت عملی محض کاغذی کارروائیوں تک ہی محدود ہیں۔ غیر ملکی این جی اوز کے سیمینارز اور ورکشاپس میں تعلیمی اداروں، سماجی و سوشل اداروں کے افسروں و ملازمین اور دیگر سیکٹرز کے اہم ارکان خصوصی طور پر نوجوان نسل کو مدعو کیا جاتا ہے جہاں پاکستان میں خواتین اور بچوں سمیت محنت کش طبقے کو انتہائی مظلوم دکھایا جاتا ہے ، چائلڈ لیبر اور گھریلو ملازمین پر تشدد واقعات کو پیش کرکے ملک کو بدنام کیا جاتا ہے ، پاکستان کو خواتین اور بچوں کیلئے انتہائی غیر محفوظ ظاہر کیاجاتاہے جبکہ خواتین کیلئے تعلیم کا حصول بھی مشکل دکھاتے ہوئے پاکستان کا کردار منفی ظاہر کردیاجاتا ہے ۔ بعد ازاں پسے ہوئے طبقات کو مدد فراہم کرنے کے نام پر غیر ملکی اداروں سے بھاری فنڈلئے جاتے ہیں جس سے ان غیر قانونی این جی اوز کے افسروں و ملازمین کی جانب سے اپنی جیبیں بھر لی جاتی ہیں ۔ معاملے پر موقف کیلئے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ اورایس پی سپیشل برانچ سعید سیال سے رابطہ کیا گیا لیکن انکی جانب سے کوئی جواب موصول نہ ہوا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں