ڈی سی دفتر : 50 فیصد سے زائد عملے کی جعلی ترقیاں
فیصل آباد(قمر ارشاد سے )شہر کے سب سے بڑے انتظامی دفتر میں ہی جعلی پروموشنز کا معاملہ، ڈپٹی کمشنر معاملے سے ناآشنا یا پھر باخبر ہونے کے باوجود بااثر ملازمین کے خلاف کارروائی سے قاصر۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں آدھے سے زائد عملہ غیر قانونی طور پر پروموشن لے کر ڈیوٹیاں کرنے میں مصروف ہے جن میں سے ڈائریکٹوریٹ جنرل لوگل گورنمنٹ کا 15ویں گریڈ کا سٹینوگرافر غلام رضا ڈپٹی کمشنر دفتر میں 17ویں گریڈ پر پروموشن لیکرلوٹ مار کرنے اور سپرنٹنڈنٹ کے عہدے کے مزے لوٹنے میں مصروف ہے ۔ ذرائع کے مطابق معاملہ منظر عام پر آنے پر ڈی جی لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے بھی 16نومبر کو ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو حکمنامہ جاری کیا گیا جس میں واضح طور پر یہ معاملہ اجاگر کیا گیا کہ غلام رضا جو محکمہ لوکل گورنمنٹ کا 15 ویں سکیل کا سٹینوگرافر ہے اور ڈپٹی کمشنر دفتر میں غیر قانونی طور پر 17 ویں گریڈ پر پروموشن لے کر کام کررہا ہے جبکہ غلام رضا کا نام تاحال ڈائریکٹوریٹ جنرل کے سٹینوگرافرز کی سنیارٹی لسٹ میں درج ہے جسکے پیش نظر تمام سٹینوگرافرز کو سنیارٹی لسٹ کے تحت سینئر سٹینوگرافر کے عہدے پر ترقی دی جانے تھی لہذا غیر قانونی طور پر ترقی پانے والے غلام رضا کو عہدے سے ہٹا کر اسکے پیرنٹ محکمے میں واپس بھیجے جانے کے احکامات جاری کیے گئے لیکن ایک ماہ گزر جانے کے بعد بھی تاحال حکمنامے پر تاحال نہ تو عملدرآمد ہوسکا اور نہ ہی بااثر ملازم کے خلاف کوئی کارروائی کی جاسکی جبکہ حکمنامہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ سے بھی چھپایا گیا اور غلام رضا غیر قانونی طور پر 17ویں گریڈ پر کام جاری کیے ہوئے ہے ۔ معاملے پر ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئرشیخ اور غیرقانونی طور پر پروموٹ ہونے والے غلام رضا سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے موقف نہ دیا۔