صارفین کیلئے نئی مشکلات ، سنگل و تھری فیز میٹر کے چارجز 15 سے 30 ہزار تک بڑھانے کا منصوبہ
فیصل آباد(بلال احمد سے )بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور وار کرنے کی تیاری، ارجنٹ سنگل فیز میٹر 15 ہزار جبکہ تھری فیز میٹر کے چارجز 30 ہزار تک بڑھانے کی منصوبہ بندی شروع کردی۔
مہنگی بجلی اور لاکھوں زیر التوا درخواستوں پر انتظار کی کوفت سے گزرتے صارفین کے لیے نئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیاں ارجنٹ نیا میٹر لگوانے کیلئے ریٹس بڑھانے پر غور کررہی ہیں ۔ سنگل فیز میٹر چارجز میں 15ہزار اور تھری فیز میٹر چارجز میں 30 ہزار اضافہ متوقع ہے ۔ اس سے قبل فیسکو میں سنگل فیز گھریلو میٹر چارجز 13 ہزار تھری فیز میٹر کے 60ہزار ہیں۔ میٹر مہنگے ہونے کو جواز بنایا جا رہا ہے ۔ ڈسکوز کی جانب سے میٹر ڈیمانڈ نوٹس ریٹ بڑھانے کی درخواست پر نیپرا حکام بھی بھڑک اٹھے جن کا کہنا ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیاں ایک طرف امپورٹس پر پابندی کا بہانہ بناکرمیٹرز قلت اور نئے کنکشن لگانے میں حیلے بہانے کررہی ہیں جس سے لاکھوں درخواستیں التوا کا شکار ہیں تو دوسری جانب ارجنٹ میٹر فیس بڑھانے کی درخواست دی جا رہی ہے ۔ عام حالات میں معمول کی درخواست پر میٹر نہیں تو ارجنٹ میٹر کہاں سے لگائے جائینگے جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ میٹر لگوانا ہو تو ڈیمانڈ نوٹس ادائیگی کے باوجود کئی کئی ماہ انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ بجلی بل ادا کرنے کی بھی سکت نہیں رہی ایسے میں کمپنیاں مہنگائی کا طوفان لانا چاہتی ہیں جو قبول نہیں۔ انہوں نے نیپرا حکام سے کمپنیوں کی درخواست مسترد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔