صحت کارڈ پر پرائیویٹ آپریشن کرانیوالوں کی بینائی متاثر ، غیرمعیاری لینز ڈالے جانے کا انکشاف

صحت  کارڈ  پر  پرائیویٹ  آپریشن  کرانیوالوں  کی  بینائی  متاثر  ،  غیرمعیاری  لینز  ڈالے  جانے  کا  انکشاف

فیصل آباد(بلال احمد سے )نجی ہسپتالوں سے صحت کارڈ پر آنکھوں کا آپریشن کرانے والے افراد کی بینائی متاثر ہونے لگی۔ اگست 2023سے قبل ہزاروں افراد نے نجی ہسپتالوں سے سرجری کے بعد لینز ڈلوائے ۔

غیرمعیاری لینز ڈالنے کے انکشاف پر پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی نے تحقیقات کا معاملہ داخل دفتر کردیا گیا۔سابق پی ٹی آئی حکومت میں سرکاری ہسپتالوں میں رش بڑھنے پرنجی ہسپتالوں کو بھی صحت کارڈ پر آپریشن کی اجازت مل گئی فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں نجی ہسپتالوں میں شہریوں کی بینائی سے کئے گئے کھلواڑ کے نتائج اب کھل کر سامنے آنے لگے ہیں۔ نجی ہسپتالوں سے لینز ڈلوانے والے بیشتر افراد کی بینائی چند ماہ بعد پہلے سے بھی زیادہ خراب ہوگئی ۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ نجی ہسپتالوں میں مہنگے لینز اپنی جیب سے خریدنے پر زور دیا جاتا رہا تاہم ایسا نہ کرنے پر صحت کارڈ پر آپریشن کرکے غیر معیاری لینز ڈال دیئے گئے ،کچھ عرصہ بعد ہی نظر دھندلانے لگی ۔انہوں نے اعلٰی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی ہسپتالوں کا ریکارڈ جمع کرکے خریدے گئے لینز کی جانچ پڑتال کروائی جائے اورشہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔ اگست 2023میں معاملہ سامنے آنے پر نجی ہسپتالوں میں آنکھوں کے آپریشن اور صحت کارڈ پر لینز ڈالنے پر پابندی عائد کردی تھی جس پر پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی نے تحقیقات کا بھی آغاز کیا تھا تاہم معاملہ داخل دفتر کردیا ،کسی ہسپتال کیخلاف کارروائی نہ ہوسکی۔ کمپنی کے ترجمان ایم خرم کا کہنا ہے کہ معاملے پر بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس ہوئے ہیں جلد ہی معاملے کی تحقیقات مکمل کرکے ملوث ہسپتالوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں