یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین من پسند افراد کو نوازنے لگے

یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین من پسند افراد کو نوازنے لگے

فیصل آباد(عبدالباسط سے )بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈرز اور رجسٹرڈ صارفین نہ ہونے کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز پر دالوں، گھی، چینی، آٹے ، کوکنگ آئل اور سبسڈائزڈ قیمتوں پر موجود دیگر بنیادی اشیا خورونوش کے ڈھیر لگ گئے ۔

رجسٹرڈ خریدار نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یوٹیلیٹی سٹورز پر تعینات افسراو ر ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر بوگس اور گھوسٹ رجسٹرڈ افراد کے کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے من پسند اور قریبی تعلقات کے حامل افراد کو نوازتے ہوئے انہیں سبسڈائزڈ قیمتوں پر سامان کی سپلائی دی جانے لگی ہے جبکہ عام شہریوں کی رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے شہری اوپن مارکیٹوں سے مہنگے داموں خریداری کرنے پر مجبور ہیں۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس کے باوجود یوٹیلیٹی سٹورز حکام عام شہریوں تک سبسڈی اور ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی بجائے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے میں مصروف ہیں۔بدقسمتی سے یہ سبسڈی اور ریلیف صرف اور صرف ٹوٹل آبادی میں سے 10 سے 15 فیصد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈرز تک محدود کردی گئی ہے جس کی وجہ سے مستحق، سفید پوش اور کم آمدنی والے افراد کو جانچنے کا واحد پیمانہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈر ہونے پر محیط کردی گئی ہے ۔ اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی سبسڈی اور سہولت سے صرف بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈرز ہی مسفید ہوپارہے ہیں جبکہ باقی 80 سے 85 فیصد آبادی پر مشتمل افراد اس سبسڈی اور ریلیف سے محروم رہ رہے ہیں۔ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈرز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہونے کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز پر خریدار بھی موجود نہ ہیں اور یوٹیلٹی سٹورز پر گھی، چینی، دالوں، آٹے ، کوکنگ آئل سمیت دیگر بنیادی اشیا خورونوش کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر فراہم کی جانے والی سبسڈی اور ریلیف کی فراہمی کیلئے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈرز لازم قرار دینے کی بجائے کوئی اور طریقہ کار اپنانا چا ہیے تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ کم آمدنی والے افراد اس سبسڈی سے مستفید ہوپاتے ۔ تاہم معاملے پر زونل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن جاوید مشتاق کہتے ہیں کہ پالیسی بنانا اعلیٰ حکام کی ذمہ داری ہے تاہم شہریوں کو سبسڈی اور ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بہتر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں