گندم خریداری ، کاشتکاروں کو رجسٹریشن میں مشکلات

گندم خریداری ، کاشتکاروں کو رجسٹریشن میں مشکلات

فیصل آباد(عبدالباسط سے )محکمہ خوراک اور حکومت پنجاب کی جانب سے رواں برس گندم خریداری کے حوالے سے بنائی گئی پالیسی گندم کے کاشتکاروں کیلئے وبال جان بن گئی۔

درخواستوں کے اندراج، سکروٹنی ، اہلیت، گندم کی وصولی اور پیسوں کی ادائیگیوں تک کے تمام عوامل کو آن لائن کرتے ہوئے سادہ لوح اور غیر تعلیم یافتہ کاشتکاروں کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دی گیا۔ کاشتکاروں کی رجسٹریشن اور درخواستیں جمع کروانے کیلئے بنائی گئی آن لائن ویب سائٹ کا کئی روز سے لنک ڈائون ہونے کی وجہ سے کاشتکار مسائل کا شکار بن گئے ۔ جبکہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور پرائیویٹ ڈیلرز کی جانب سے گندم کا خریداری ریٹ انتہائی کم سطح پر لاتے ہوئے کاشتکاروں کے استحصال کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے ۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے اضلاع میں کاشتکار نہ تو درخواستیں جمع کروا پارہے ہیں اور نہ ہی انہیں اپنی گندم سرکاری طور پر فروخت ہونے کے امکانات دکھائی دے رہے ہیں۔ گندم پالیسی کے مطابق گندم فروخت 

کرنے کے خواہش مند کاشتکاروں کی سب سے پہلے آن لائن رجسٹریشن کرنا لازم قرار دیاگیا ہے ۔ اور پھر آن لائن آئی ڈی کے ذ ریعے وہ باردانے کے حصول کیلئے اپنی درخواست جمع کرواسکیں گے ۔ بعد ازاں ان درخواستوں کی  سکروٹنی بھی آن لائن کی جائے گی جس کی وجہ سے کاشتکار خاصے پریشانی کا شکار ہیں۔ کاشتکار کہتے ہیں غیر تعلیم یافتہ ہونے کی وجہ سے نہ تو انہیں موبائل کا استعمال آتا ہے نہ ہی لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کے ذ ریعے گندم خریداری مہم کا حصہ بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جس کی وجہ سے گندم انہیں پرائیویٹ ڈیلرز کو فروخت کرنا پڑے گی۔ جبکہ ایسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پرائیویٹ ڈیلرز، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے گندم کی قیمت سرکاری سطح پر مقرر کی گئی قیمت سے انتہائی کم کرتے ہوئے خریداری قیمت 2300 سے 2400 روپے پہنچادی گئی ہے جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ کاشتکاروں کی جانب سے مطالبہ کیا گیاہے کہ آن لائن سسٹم کی بجائے مینوئل سسٹم کی بحالی کرتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ وہ باآسانی گندم سرکاری سطح پر فروخت کرتے ہوئے اپنی اچھی رقوم حاصل کرسکیں جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر انتصار احمد کاکہناہے کہ پالیسی بنانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم کاشتکاروں کو سروسز کی فراہمی اور گندم خریداری مہم کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں