ینگ ڈاکٹرز وزیر صحت کے معاملے میں تذبذب کا شکار

ینگ ڈاکٹرز وزیر صحت کے معاملے میں تذبذب کا شکار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن صوبائی وزیر صحت کے معاملے میں تذبذب کا شکارہوگئی۔ دو روز قبل مطالبات تسلیم ہونے ۔۔

پر وزیر صحت کی تعریفوں کے پل باندھے گئے ، گزشتہ روز پریس ریلیز میں نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے وزیر کا بائیکاٹ کردیا گیا۔ دو روز قبل فیصل آباد سے وائی ڈی اے کے وفد نے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے ملاقات کی جس میں حال ہی میں ٹرانسفر ہونے والے ڈاکٹرز کی واپسی اور ڈسپنسریوں میں ختم کی جانے والے ڈاکٹرز کی سیٹوں کی بحالی کا مطالبہ کیا اس موقع پرخواجہ عمران نذیر نے دونوں مطالبات تسلیم کرلیے جس پر وائی ڈی اے نے صوبائی وزیر کی خوب تعریفیں کیں۔ اس کے بعد وائے ڈی اے پنجاب کا اوفد پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرڈپارٹمنٹ میں ڈاکٹرز کو درپیش مسائل کے تدارک کے لیے گیا اور خواجہ عمران نذیر سے ملاقات کی کوشش کی تاہم اس دوران نامعلوم وجوہات پر تلخی کے بعد وائے ڈی اے نے پریس ریلیزجاری کردی جس میں ان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ خواجہ عمران نذیر کو ایک ماہ کیلئے اخلاقی تربیت کا کورس کروایا جائے ۔ ساتھ ہی ساتھ ان کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کردیا گیا۔ وائے ڈی اے کی جانب سے اپنائے جانے والے مؤقف پر متعلقہ حلقوں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے جن کا کہنا ہے کہ کام ہونے پرصوبائی وزیر کی تعریف اور بعد ازاں شدید تنقید حیرت انگیز ہے ۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے نائب صدر ڈاکٹر رانا رضوان جاوید کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی کو کم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جلد ہی معاملات معمول پر آجائینگے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں