10 سال بیت گئے ، جڑانوالہ فیصل آباد روڈ کی تعمیر شروع نہ ہو سکی

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)منتخب نمائندوں کی بے حسی و ضلعی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث 10 سال بیت جانے پر بھی تاحال جڑانوالہ فیصل آباد روڈ کی ازسرنو تعمیر شروع نہ ہو سکی۔۔۔
حادثات کی شرح میں کئی گنا اضافہ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی خواب خرگوش کے مزے لینے والوں کو ہوش میں نہ لا سکا،عوامی، سماجی حلقوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ،جڑانوالہ فیصل آباد روڈ جنگ آزادی کے ہیرو سردار بھگت سنگھ کے آبائی گاؤں،نجی تعلیمی اداروں کاروباری و تجارتی مراکز،سنٹرل جیل،بورسٹل جیل،پولیس کانسٹیبلری چوکی مکوانہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پوسٹ،آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے باعث خاص اہمیت کا حامل ہے مذکورہ سڑک مکوانہ بائی پاس، ستیانہ روڈ کھرڑیانوالہ روڈ فیصل آباد روڈ،جڑانوالہ سمندری روڈ کو آپس میں ملاتی ہے جبکہ روزگار کے سلسلے میں لاہور بچیکی سیدوالا و دیگر شہروں کو جانے والے ہزاروں افراد اور تعلیم کے حصول کیلئے فیصل آباد کے نجی و سرکاری سکولز کالجز اور یونیورسٹیوں میں جانے والے طلبا و طالبات اسی سڑک سے سفر کرتے ہیں سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور کھڈوں کے باعث 35 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کیلئے ڈیڑھ سے دو گھنٹے کی اذیت برداشت کرنا پڑتی ہے حادثات کی شرح میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے وزیر اعلی مریم نواز شریف نے اقتدار کا منصب سنبھالتے ہی صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع کی مین سڑکات کی ازسرنو تعمیر و مرمت کے احکامات صادر کئے تھے مگر تاحال جڑانوالہ فیصل آباد روڈ کی ازسرنو تعمیر شروع نہ ہو سکی ہے ۔