تھانہ کلچر میں تبدیلی نہ آسکی،سائلین مایوس

تھانہ کلچر میں تبدیلی نہ آسکی،سائلین مایوس

فیصل آباد(عبدالباسط سے )آئی جی اور حکومت پنجاب کے احکامات کے باوجود تھانہ کلچر میں تبدیلی میں نہ آسکی۔ ضلع بھر کے تھانوں کی نئی عمارتیں قائم اور۔

 تزئین و آرائش تو کردی گئی لیکن پولیس افسران و ملازمین کے روئیے ، لہجے اور کام کا انداز نہ تبدیل کیاجاسکا، تھانہ جات میں آنے والے سائلین پولیس کے ناروا اور تلخ روئیے اور بدسلوکی کی وجہ سے پولیس سے مایوس اور انصاف کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں بھی تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے کروڑوں روپے مالیت کے فنڈز خرچ کرتے ہوئے ضلع بھر کے تھانہ جات اور پولیس افسران کے دفاتر کی نئی عمارتیں قائم کرنے ، ترین و آرائش اور ڈیکوریشن کے کام تو مکمل کرلئے گئے لیکن حکام کی عدم توجہی اورغیر سنجیدگی کی وجہ سے سائلین کو پولیس افسران و ملازمین کے ناروا اور تلخ روئیوں کا ہی سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ مختلف لڑائی جھگڑوں، ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغواء، دھمکیوں اور دیگر معاملات سے متعلق موصول درخواستوں پر فوری مقدمات کے اندراج کی بجائے  ٹال مٹول کا مظاہر ہ کیا جاتا ہے اور مبینہ طورپر سائلین کو نذرانوں کی ادائیگیوں پر مجبور کیا جاتا ہے ۔ سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی کامران عادل کے مطابق پولیس کلچر اور تھانہ سسٹم میں  مثبت تبدیلیاں لانے کیلئے   اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں