سمن آباد :چینل نالہ توڑنے پر زیر تعمیر پلازہ مالکان کیخلاف مقدمہ

سمن آباد :چینل نالہ توڑنے پر زیر تعمیر پلازہ مالکان کیخلاف مقدمہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے سمن آباد میں چینل نالہ توڑنے پر زیر تعمیر پلازہ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

 تفصیل کے مطابق سمن آبادروڈ پر گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے پلازہ زیر تعمیر ہے اور مالکان کی جانب سے پلازہ کی تعمیر کے لئے 80 فٹ سے زیادہ گہری کھدائی کی جا چکی جبکہ پلازہ کے ساتھ ہی واسا کے زیر انتظام چینل اور سیوریج لائن موجود ہے ، پلازہ مالکان نے چینل نالے کے پیندے ، دیواریں اور چھت محفوظ کئے بغیر کھدائی کرائی تھی جبکہ گزشتہ دنوں ہونیوالی98 ملی میٹر بارش کے دوران کھدائی کے باعث چینل نالا ٹوٹ کر بہہ گیا جس کی اطلاع ملنے پر واسا عملہ نے ہنگامی بنیادوں پر چینل پر بند باندھنے کے انتظامات کئے جبکہ واسا عملہ کے کام کے دوران بجلی کے کھمبے بھی گر گئے جس پر عملہ نے بھاگ کر جان بچائی۔اس حوالے سے واسا عملہ نے چینل نالے کی مرمت کے لئے پلازہ مالکان سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے صاف انکار کردیا جس پر سب انجینئر سمن آباد سب ڈویژن واسا اعظم حسین کی مدعیت میں پلازہ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔واسا انتظامیہ نے واضح کیا کہ چینل کے متوازی واسا کی سیوریج لائن بھی موجود ہے جس کو کھدائی کے سبب بڑے نقصان کا خطرہ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں