شجرکاری کا ذمہ دار پی ایچ اے خود ہی پودوں کا ‘‘قاتل’’بن گیا

شجرکاری  کا ذمہ دار پی  ایچ  اے  خود ہی  پودوں  کا  ‘‘قاتل’’بن گیا

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر)شہر میں شجر کاری کرنے کا ذمہ دار محکمہ پی ایچ اے خود ہی پودوں کا ‘‘قاتل’’بن گیا ،شہریوں کی جانب سے مہیا کیے گئے ۔۔

تین لاکھ سے زائد مالیت کے 4 ہزار پودے لگانے کی بجائے جناح باغ میں پھینک دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق سول سوسائٹی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ثواب کی نیت سے پی ایچ اے کو پودے مہیا کیے ،شہریوں نے پودے خریدنے سے پہلے پی ایچ اے کے ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات کی جس میں معاملات طے ہوئے پی ایچ اے کے ڈائریکٹرز نے شہریوں سے 4 فٹ سے بڑے پودے دینے کا مطالبہ کیا شہریوں نے ذاتی خرچے سے پتوکی نرسری سے ٹرمینیلیا، نیم، پلکن، ارجن اورالسٹونیا کے پودے منگوائے اور پی ایچ اے سے نرسری میں مالی بھجوانے کی درخواست کی، ٹرک میں لوڈ ہوکر پودے فیصل آباد پہنچ گئے ، پی ایچ اے نے باغ جناح میں پودے اتروا لیے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ پودوں کو جھمرہ روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں لگا دیا جائے ، پی ایچ اے ٹال مٹول سے کام لینا شروع کردیا اور ڈائریکٹرز نے شہریوں کو میاواکی طریقے کار کے تحت پودے لگانے پر آمادہ کیا لیکن میاواکی کے تحت بھی پودے نہ لگائے جاسکے ، پی ایچ اے کے انتہائی غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے 14 جولائی کو آنے والے پودے تاحال نہیں لگائے جاسکے اورانہیں جناح میں پھینک دیا گیا جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے شہریوں نے کمشنر سلوت سعید سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جانب سے خرید کر دئیے گئے پودوں کو خراب کرنے والے پی ایچ اے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے بصورت دیگر پی ایچ اے دفتر کے سامنے دھرنا دیا جائیگا۔ معاملے بارے ترجمان پی ایچ اے وسیم عباس نے رابطہ کرنے پر کہا کہ جلد پودے لگادئیے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں