ڈپٹی کمشنر دفترنے خلاف ضابطہ 42لاکھ اڑا دئیے

ڈپٹی کمشنر دفترنے خلاف ضابطہ 42لاکھ اڑا دئیے

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر دفتر کی جانب سے کھانے پینے کی اشیا اور یونیفارم کی خریداری میں خلاف ضابطہ 42 لاکھ 21 ہزار روپے اڑا دئیے گئے ۔۔۔

 چیزوں کی خریداری کے لیے بذریعہ ٹینڈر کم قیمت کی پیشکش کرنے والوں کو نظرانداز کرکے مہنگے داموں خریداری کی گئی۔ آڈٹ رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا ،فروری اور مارچ 2023 میں نشاندہی کے باوجود ڈی سی دفتر نے کوئی جواب جمع نہ کروایا ۔تفصیلات کے مطابق ڈی سی دفتر کی سالانہ آڈٹ رپورٹ 2023 میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈی سی دفتر کی جانب سے کھانے پینے کی چیزوں اور یونیفارمز کی خریداری کی مد میں قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کی گئی، ملازمین نے مبینہ کمیشن حاصل کرنے کے لیے کم قیمت کی پیشکش کرنے والوں کی بجائے مارکیٹ سے مہنگے داموں 42 لاکھ 21 ہزار روپے سے زائد کی چیزیں خریدی گئیں جس سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا ۔ذرائع کے مطابق ڈی سی دفتر میں تعینات ملازمین نے مارکیٹ میں اپنے تعلقات بنا رکھے ہیں اورمبینہ طور پر دکانداروں اور ٹھیکیداروں سے کمیشن بھی طے کررکھا ہے ۔ذرائع کے مطابق کسی بھی چیز کی خریداری کے لیے چند ایک مخصوص ملازمین مخصوص دکانداروں اور ٹھیکیداروں کو ہی ترجیح دیتے ہیں اور ان سے کمیشن کا حصہ وصول کرتے ہیں اپنے کمیشن کی خاطر ملازمین سرکاری خزانے کو نقصان پہنچارہے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں