پنجاب نے اپنے وسائل سے بلوں میں ریلیف دیا، وفاق نے حصہ نہیں ڈالا، شہباز شریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے بجلی صارفین کو ریلیف دیا، وفاق نے حصہ نہیں ڈالا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ملک میں شدید بارشیں ہوئی ہیں، سیلابی ریلوں سے جانی نقصان ہوا، پی ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتوں نے معاملات کو کنٹرول کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے 3 سال کے مقابلے میں مہنگائی کم ترین سطح پر ہے، مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آگئی ہے، چیلنجز بہت زیادہ ہیں، مہنگائی مزید کم کرنی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو چکا ہے، ریونیو کا ہدف ساڑھے 13 کھرب تک لے کر گئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاور سیکٹر میں نقصانات کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کا کام کر رہے ہیں، پی ایس ڈی پی میں 50 ارب کٹوتی کر کے 3 ماہ کے لیے گھریلو صارفین کو ریلیف دیا، 86 فیصد گھریلو صارفین ریلیف سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب نے 200 سے 500 یونٹ تک صارفین کو ریلیف دیا، پنجاب نے ترقیاتی فنڈ سے 45 ارب روپے مختص کیے، پنجاب کے ریلیف میں وفاق نے کوئی حصہ نہیں ڈالا، پنجاب نے اپنے عوام کو تحفہ دیا ہے، باقی صوبے بھی اپنےعوام کو ریلیف دے سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کچھ لوگوں سے ایسی باتیں سننے کو ملیں جن پر افسوس ہوا، ریلیف کے معاملے پر سیاست سے گریز کرنا چاہئے، پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کے وقار کو نقصان پہنچایا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں