وزیراعظم سے میٹا کے وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل میڈیا، مصنوعی ذہانت میں ملکر کام کرنے کا اعادہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے میٹا کے پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت میٹا کے نائب صدر برائے ایشیا پیسیفک سائمن ملنر کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ حاصل کیا جائے گا، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو میٹا کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔

میٹا کے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ایشیا پیسیفک میں اپنی سروسز کے بارے آگاہ کیا، وفد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میٹا نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ریجن میں پہلا مقابلہ پاکستان میں منعقد کروایا۔

دونوں اطراف سے پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں کی ترقی و ترویج کے حوالے سے مل کے کام کرنے کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، تانیہ اودروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی۔


 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں