فائروال اور انٹرنیٹ سپیڈ کم ہونے سے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں، وزیر تجارت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ فائروال اور انٹرنیٹ سپیڈ کم ہونے کے باعث آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔

جواد حنیف خان کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات متاثر ہونے کا معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھایا جائے گا۔

وزیر تجارت نے کہا کہ مالی سال 2029 تک برآمدات کا ہدف 60 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا، پیداواری لاگت، پالیسی ریٹ میں کمی، ٹیرف میں کمی کے ذریعے برآمدات کو بڑھایا جائے گا، برآمدات بڑھانے کیلئے خلیجی ممالک سمیت دیگر ممالک سے سرمایہ کاری لائی جائے گی۔

جام کمال نے کہا کہ چائنہ کی انڈسٹری کی ریلوکیشن، روس، گلف ممالک کی سرمایہ کاری کو کیش کرایا جائے گا، ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے ٹریڈ پروموشن اور ٹریڈ آفیسرز کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کا پلان وزیراعظم کے معاشی پلان کا حصہ ہے، برآمدات 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے 4 ٹیئرز متعارف کرائے گئے ہیں۔

وزیر تجارت نے کہا کہ صنعتوں کو خطے کے دیگر ممالک میں 7 سے 8 فیصد پالیسی ریٹ پر قرض مل رہا ہے، برآمدات بڑھانے کیلئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز میں زمین لانگ ٹرم کیلئے لیز پر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 600 ٹیرف لائن پر گزشتہ بجٹ میں ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی عائد کی گئی جس پر نظرثانی کی جا رہی ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں ہونے کے باعث متعدد رعایتیں فراہم نہیں کی جاسکتیں۔

قائمہ کمیٹی نے ٹیرف پالیسی بورڈ کی تجاویز اور برآمدات بڑھانے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ 48 فیصد ریونیو درآمدات پر منحصر ہے جبکہ ایکسپورٹ گروتھ بڑھانے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں