گوگل نے اے آئی ٹولز کیساتھ ’پکسل 9‘ کے فونز متعارف کرا دیئے

نیویارک: (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے حیران کن ٹولز کے ساتھ اپنے اب تک کے بہترین ’پکسل 9‘ کے فونز متعارف کرا دیئے۔

کمپنی نے پہلی بار پکسل 9 کا ایک فولڈ ایبل فون بھی متعارف کرایا ہے جبکہ پہلی بار کمپنی نے پکسل 9 سیریز کے منی فونز بھی پیش کئے ہیں، تمام فونز کو جدید سیٹلائٹ اور اے آئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔

بڑے فونز کو 8۔6 انچ سکرین جبکہ منی فونز کو 4۔6 انچ سکرینز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

اسی طرح کمپنی نے پہلی بار پکسل 9 پرو کا فولڈ ایبل فون بھی پیش کیا ہے اور کمپنی کے حالیہ فونز کو اب تک کے بہترین فونز قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے اس بار ’پکسل 9، پکسل 9 پرو، پکسل 9 پرو ایکس ایل اور پکسل 9 فولڈ ایبل فونز پیش کئے ہیں، اس کے ساتھ کمپنی نے پکسل واچز سمیت دیگر مصنوعات بھی پیش کی ہیں۔

اس بار پکسل فونز کے کیمرا کی استعداد کار کو بھی بڑھا گیا ہے، پکسل 9 پرو اور پکسل 9 ایکس ایل کے بیک پر تین کیمرے دیئے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا بھی بڑھا کر 50 میگا پکسل کا کر دیا گیا جبکہ دوسرا 48 اور تیسرا 5 میگا پکسل کا کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح سیلفی کیمروں کے پکسلز بھی بڑھا دیئے گئے ہیں اور سیلفی کیمرا کو 8 کے بجائے 12 میگا پکسل کر دیا گیا ہے۔

فونز میں 5 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری کو فاسٹ چارجر کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ اس میں جدید ویدر ایپلی کیشنز سمیت دیگر سکیورٹی ایپس بھی دی گئی ہے، پکسل فونز میں تصاویر اور پینٹنگز بنانے کے ’کینواس‘ فیچر کو بھی بہتر کر دیا گیا ہے جبکہ گوگل کے اے آئی سسٹم جیمنائی کو بھی فونز کو حصہ بنایا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اب کی بار گوگل نے پکسل فونز کو تقریباً دو ماہ پہلے متعارف کرایا ہے، عام طور پر فونز کو اکتوبر کے آغاز میں پیش کیا جاتا ہے لیکن اس بار اگست کے وسط میں انہیں متعارف کرا دیا گیا۔

پکسل کے فونز کو فوری طور پر دنیا بھر میں فروخت کیلئے پیش نہیں کیا گیا، تاہم 22 اگست کے بعد فونز کمپنی کے پارٹنرز شاپس پر فروخت کیلئے پیش کر دیئے جائیں گے، اس وقت صارفین فونز کی آن لائن خریداری کر سکتے ہیں۔

پکسل فونز کی کم سے کم قیمت 800 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا دو لاکھ 23 ہزار روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ قیمت 1100 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تین لاکھ 7 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں