بجلی بلوں میں 14روپے کا ریلیف عوام کو مہنگا پڑنے کا امکان

بجلی بلوں میں 14روپے کا ریلیف عوام کو مہنگا پڑنے کا امکان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بجلی بلوں میں 14 روپے کا ریلیف عوام کو مستقبل میں مہنگا پڑنے کا امکان، 200 یونٹس سے زائد کے استعمال پر دو ماہ کیلئے ریلیف حاصل کرنے والے شہری آئندہ 6 ماہ تک نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل ہوجائیں گے ۔

پنجاب حکومت کی جانب سے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں بجلی کے صارفین کو 14 روپے فی یونٹ تک ریلیف دینے کے لیے عملی طورپر اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق 201 سے 500 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو اگست اور ستمبر کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا جائے گا جبکہ اس حوالے سے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی سے تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔ سیکرٹری توانائی پنجاب کے مطابق فیسکو سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو تخمینہ کی بنیاد پر پیشگی ریلیف کی رقم ادا کردی جائے گی۔ دوسری جانب حکومت کی سامنے آنے والی حکمت عملی صارفین کو مہنگی پڑنے کا امکان ہے ، موجود نظام کے مطابق 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے آئندہ 6 ماہ کے لیے نکل جاتے ہیں۔ ریلیف لینے کے لیے صارفین نے آئندہ دو ماہ دو سو یونٹ سے زائد بجلی استعمال کی تو اگلے 6 ماہ کے لیے نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں ہزاروں روپے اضافی بل جمع کروانا پڑے گا، جس پر صارفین میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں