افسران کی مبینہ ملی بھگت،ضلع کونسل میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں

افسران  کی  مبینہ  ملی  بھگت،ضلع  کونسل  میں  کروڑوں  روپے  کی  مالی  بے  ضابطگیاں

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلع کونسل افسران کی مبینہ ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔

کمرشل مارکیٹ،دکانوں،پٹرول پمپ اور شادی ہالز کی منظوری کی سرکاری فیس جمع کروانے کی بجائے افسران ساز باز ہوکر نذرانے وصول کرکے غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دے دیتے ہیں، 2023ء میں کمرشل اور کنورژن فیس کی مد میں خزانے کو 3 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ فسران کی ملی بھگت سے کمرشل مارکیٹوں،دکانوں،پٹرول پمپس اور شادی ہالز کی تعمیر کے لیے زرعی یا سکنی اراضی کو کمرشل کروانے کے لیے کروڑوں روپے کی کنورژن فیس اور نقشہ منظوری فیس سرکاری خزانے میں جمع کروانے کی بجائے افسران شادی ہالز کو گودام کے نقشے میں منظور کرکے اپنی جیبوں میں لاکھوں روپے ڈال رہے ہیں ۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی سال 2023 کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ضلع کونسل افسران نے خزانے کو 3 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا، ضلع کونسل بلڈنگ انسپکٹرز افسران کی کمائی کا اہم ذریعہ ہیں ۔معاملے سے متعلق موقف کے لیے چیف آفیسر ضلع کونسل فیصل شہزاد سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میری تعیناتی سے پہلے کی تعمیرات ہیں اب ایسا نہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں