واسا شہر میں نکاسی آب جیسا بنیادی کام کرنے میں ناکام

واسا  شہر  میں  نکاسی  آب  جیسا  بنیادی  کام  کرنے  میں  ناکام

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر)اربوں روپے کے نئے منصوبے شروع کرنے کا خواہشمند محکمہ واسا شہر میں نکاسی آب جیسا بنیادی کام کرنے میں ہی ناکام ہوگیا۔۔۔

واسا کی غفلت کے باعث شہر کے مختلف علاقے سیوریج کے پانی میں ڈوب گئے ،واسا افسران عملی اقدامات کی بجائے کاغذی کاروائیوں اور میٹنگز میں مصروف ہیں ۔تفصیلات کے مطابق واسا افسران کی سنگین غفلت اور ملازمین کی روایتی کام چوری کی وجہ سے شہر میں سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے شہر کے درجنوں علاقوں میں گلیاں بازار گندے پانی کے جوہڑ بن چکے ، گٹروں کا پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہورہا ہے ۔ شمس آباد،بھائی والا،ماناوالہ،گلفشاں کالونی،شاداب کالونی،شیخ کالونی،سیف آباد،بابو والا،بسم اللہ کالونی اور انصاف روڈ سمیت درجنوں علاقوں میں سیوریج مسائل کے باعث علاقہ مکینوں کی زندگیاں اجیرن بن چکی ، سیوریج مسائل کی وجہ سے مکینوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے ،مذکورہ علاقوں میں فوتیدگی کے موقع پر بھی پسماندگان میت کو گندے پانے سے لے کرجانے پر مجبور ہوتے ہیں ان علاقوں میں اس قدر تعفن اٹھتا ہے کہ سانس لینا بھی مشکل ہوتا ہے ، متاثرہ علاقوں میں گھروں کی بنیادیں بھی کمزور ہوچکیں، دیواروں میں دراڑیں پڑچکیں بعض گھروں کے مکین نقل مکانی کرچکے ہیں، واسا کی سنگین غفلت کے باعث متاثرہ علاقے آج کے جدید دور میں بھی صحت و صفائی جیسی بنیادی انسانی ضرورت سے محروم ہیں،تعفن زدہ ماحول اور گندگی کے باعث بچوں میں وبائی امراض پھیلے ہوئے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا افسران صرف اپنی جیبیں بھرنے اور کمیشن حاصل کرنے کے لیے نئے منصوبوں کی دوڑ میں لگے ہیں جبکہ صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کی نکاسی جیسا بنیادی کام کمیشن نہ ملنے کی وجہ سے ہی نہیں کیا جارہا ،معاملے سے متعلق ایم ڈی واسا عامر عزیز نے کوئی موقف نہ دیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں