مرغیوں کی خوراک میں مکئی کے بجائے گندم استعمال کرنے کا انکشاف،بیماریاں پھیلنے کا خدشہ
فیصل آباد(بلال احمد سے )پولٹری فیڈ ملز کی جانب سے مرغیوں کی خوراک میں مکئی کے بجائے گندم استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔
مکئی کی فصل میں کمی اور ریٹس زائد ہونے کے باعث پولٹری فیڈ میں گندم کے استعمال نے نہ صرف مرغیوں میں بیماریوں کے خدشات کو جنم دے دیا بلکہ مارکیٹ میں آٹے اور گندم کے بحران کی بازگشت بھی سنائی دینے لگی ہے ۔پولٹری فیڈ کے فارمولا میں عام طور پر مکئی کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ مرغیوں کی خوراک بنانے والے ملز مارکیٹ اور گوداموں سے پرانی گندم سستے داموں خرید کر فیڈ بنانے میں استعمال کرنے لگی ہیں جس کی بنیادی وجوہات مارکیٹ میں مکئی کی عدم دستیابی، پیداوار میں کمی اور گندم کے مقابلے میں مکئی کی قیمت زائد ہونا بتائی جا رہی ہیں۔ پرانی گندم 1600 سے 2000 روپے فی من میں دستیاب ہے جبکہ مکئی 2800 روپے فی من میں بھی مشکل سے مل رہی ہے ۔ مکئی کے متبادل گندم کا استعمال عوامی حلقوں میں تشویش کا باعث ہے ۔ فیڈ ملز کا مارکیٹ سے گندم خریدنا باعث تشویش ہے جس سے آنے والے دنوں میں نیا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے محکمہ خوراک سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر سجاد ارشد کا کہنا ہے کہ پولٹری فیڈ میں گندم کا ایک خاص شرح سے زائد استعمال مرغیوں کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے جس کے استعمال سے مرغیوں میں انتڑیوں کی بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔