ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کا چناب نگر ،احمد نگر کے سکولوں کا دورہ
چناب نگر(نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اﷲگوندل نے گزشتہ روز گورنمنٹ تعلیم الاسلام ہائی سکول چناب نگر ۔۔۔
گورنمنٹ ہائی سکول احمد نگر اور رورل ہیلتھ سینٹر احمد نگر کا اچانک دورہ کیا اس دوران انہوں نے سکولوں میں اساتذہ و سٹاف کی حاضری ، جاری تعلیمی سیشن جبکہ رورل ہیلتھ سینٹر میں طبی و انتظامی امور سمیت ڈاکٹرز و سٹاف کی حاضری کو چیک کیا۔ صفی اﷲگوندل نے گورنمنٹ تعلیم الاسلام ہائی سکول چناب نگر ، گورنمنٹ ہائی سکول احمد نگرکا دورہ کرتے ہوئے طلباء کی قابلیت کے جائزہ کیلئے ان سے مختلف سوالات پوچھے ، ڈپٹی کمشنر نے ہیڈ ٹیچرز کو سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ طلباء کی پڑھائی اور سکولوں کی بہتری و بحالی کے حوالے سے خصوصی طور پر اقدامات کریں ۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر چنیوٹ نے رورل ہیلتھ سنٹر احمد نگر میں انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور اپنی نگرانی میں چھوٹے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل اور ریکارڈ کا جائزہ لیا ، انہوں نے سی او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد خلیل ،ڈی ایچ او ڈاکٹر خوشنود ، ڈپٹی ڈی او ڈاکٹر شفقت اور انچارج مرکز صحت کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے تینوں دنوں میں علاقہ کے تمام بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا عمل جاری رہنا چاہیے ۔