بنوں : فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں 8 دہشتگرد ہلاک، میجر سمیت3جوان شہید

راولپنڈی :(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ میجر سمیت 3 جوان بھی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے بکا خیل میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت میجر عاطف خلیل کررہے تھے، جو شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو جوانوں کے ساتھ شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق میجر عاطف خلیل کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع سندھنوتی سے تھا، میجر عاطف خلیل شہید کی عمر 31سال ہے، میجر عاطف خلیل شہید نے 8سال سے زائد عرصے تک دفاعِ وطن کا مقدس فریِضہ سر انجام دیا ، شہید کے سوگواران میں اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ نائیک آزاد اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے ، ان کی عمر 36 سال ہے،انہوں نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن عزیز کا دفاع کیا جبکہ سوگواران میں اہلیہ ، دو بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 35 سالہ لانس نائیک غضنفر عباس شہید کا تعلق ضلع لیہ سے ہے، نائیک غضنفر عباس شہید نے 14 سال تک وطن عزیز کےدفاع کا فریِضہ سرانجام دیا، نائیک غضنفر عباس شہید کے سوگواران میں اہلیہ، بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ علاقے سے دہشتگردوں کا صفایا کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں