امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے زرعی یونیورسٹی میں کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر پروگرام کا افتتاح کردیا
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر پروگرام کا افتتاح کردیا ہے ۔
5 سال پر مُحیط اِس سرگرمی کا مقصد پاکستان کے کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے جد ید رحجانات سے رُوشناس کروانا ہے ۔ امریکہ کی معاونت سے پروگرام سے مُلک بھر کے کاشتکار مستفید ہوں گے ۔ واضح رہے کہ اِسی یونیورسٹی میں امریکہ کی معاونت سے ماضی میں سینٹر فار ایڈوانس سٹڈیز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا تھا۔ امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹیناہاکنز، یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد سرور خاں بھی ڈونلڈ بلوم کے ہمراہ تھے جبکہ پاکستان کے سرکاری، تدریسی اور زرعی کاروباری شعبوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ یہ پروگرام زراعت کے شعبہ میں امریکا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری میں وسعت کے سلسلہ میں ایک اور قدم ہے ، جس کاسنگِ بنیاد امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والے امریکی ماہر ڈاکٹر نورمن بورلاگ نے رکھا تھا، جن کی جانب سے ساٹھ کی دہائی میں کاوشوں سے پاکستان کی گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ سفیر ڈونلڈ بلوم نے تقریب میں اظہارِ خیال کے دوران کہا کہ یہ منصوبہ پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کے روزگار میں بہتری لانے میں نمایاں کردار ادا کرے گا ۔