سی او پی ڈی سے بچاؤ کا دن ، الائیڈ ہسپتال میں آ گاہی واک
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سی او پی ڈی سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا ۔
جس کا مقصد لوگوں میں سانس کی بیماری کے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا اس سلسلہ میں گزشتہ روز الائیڈ ہسپتال میں ایک واک کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر عامر شوکت، پروفیسر ڈاکٹر عامر حسین اور ڈاکٹر محمد عرفان نے کی۔ واک کے شرکا نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر سی او پی ڈی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر درج تھیں واک کے اختتام پر ڈاکٹر محمد عرفان نے کہا کہ سی او پی ڈی اس وقت غریب ممالک کی اہم بیماری بنتی جا رہی ہے اس کی سب سے بڑی وجہ سگریٹ نوشی اور نوجوانوں میں شیشے کا بڑھتا ہوا رجحان ہے اس بیماری کا علاج ممکن نہیں اس لیے سب سے اہم اقدام اس سے بچاؤ ہے ۔ سی او پی ڈی پھیپھڑوں میں دائمی رکاوٹ کا مرض ہے اور دنیا میں ہر سال تقریبا 30 لاکھ سے زائد افراد اس بیماری کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔