سوشل سکیورٹی:مزدوروں کے کروڑوں روپے دبا لیے گئے

سوشل سکیورٹی:مزدوروں کے کروڑوں روپے دبا لیے گئے

فیصل آباد(بلال احمد سے )پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے افسروں کی مبینہ ملی بھگت سے رجسٹرڈ اداروں نے مزدوروں کے نام پر سوشل سکیورٹی کی مد میں وجب الادا کروڑوں روپے دبا لیے ۔

 ایک سال کے دوران 93 اداروں کے ذمہ مجموعی طور پر 141 ملین میں سے صرف 3 ملین کی ریکوری ہوسکی۔پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (PESSI) کے افسروں کی کارکردگی پر سالانہ رپورٹ آنے کے بعد سوالیہ نشان لگ گیا ۔ قانون کے مطابق سوشل سکیورٹی میں رجسٹرڈ ہر ادارے نے اپنے ملازمین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ماہانہ مخصوص رقم کنٹری بیوشن کی مد میں ادا کرنا ہوتی ہے جس پر ملازمین کو سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت جبکہ میرج، ڈیتھ اور تعلیمی گرانٹس بھی مہیا کی جاتی ہیں تاہم فیصل آباد (نارتھ)، گوجرانوالہ، لاہور سٹی اور لاہور ساؤتھ ریجنز میں افسروں کی غفلت اور مبینہ ملی بھگت کے باعث اداروں کے ذمہ کروڑوں روپے کی کنٹری بیوشن ریکور ہی نہ کی جا سکی۔ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 93 اداروں کے ذمہ 141 اعشاریہ 854 ملین (14 کروڑ 10 لاکھ) کی رقم واجب الادا تھی جس میں سے صرف 3 اعشاریہ 315 ملین (30 لاکھ 31 لاکھ) ہی ریکوری ہو سکی جبکہ 138 اعشاریہ 538 (13 کروڑ 53 لاکھ) کی رقم واجب الادا ہی رہ گئی۔ فیصل آباد نارتھ میں 29، گوجرانوالہ میں 27، لاہور سٹی میں 19 جبکہ لاہور ساؤتھ ریجنز میں 18 کیسز لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت سامنے لائے گئے ۔ معاملہ سامنے آنے پر حکام سے جواب طلبی کی گئی جنہوں نے ریکوریوں کو ایک جاری فعل قرار دیتے دامن چھڑانے کی کوشش کی جسے حکام بالا نے مسترد کردیا۔ ذرائع کے مطابق سوشل سکیورٹی افسروں کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت کی وصولی کرکے مذکورہ کیسز میں اداروں کے مالکان کو فائدہ پہنچایا جاتا ہے اور قلیل رقم ریکارڈ میں جمع کرکے باقی مانندہ میں سے اپنا حصہ وصول کرلیا جاتا ہے ۔ متعلقہ حلقوں کی جانب سے کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (PESSI) محمد علی اور وزیر افراد قوت فیصل ایوب کھوکھر سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں