8سال بعد بھی بیگرز ہوم قائم نہ ہوسکے،سڑکوں پر گداگروں کاراج برقرار

8سال بعد بھی بیگرز ہوم قائم نہ ہوسکے،سڑکوں پر گداگروں کاراج برقرار

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد کی سڑکوں پر پیشہ ور گداگروں کا راج برقرار،8 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود فیصل آباد میں بیگرز ہوم کا قیام عمل میں نہ لایا جاسکا۔

 تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں بھکاری مافیا کے خلاف کاروائیاں بے سود ثابت ہونے لگیں محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے پاس اینٹی بیگری کمپین کے دوران پکڑے جانے والے پیشہ ور بھکاریوں کو رکھنے کے لیے بیگرز ہوم ہی موجود نہیں جس کے باعث پکڑے جانے والے پیشہ ور بھکاریوں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا جاتا ہے یا چند ایک کے خلاف مقدمات کا اندراج کروادیا جاتا ہے جس میں دفعات قابل ضمانت ہونے کے باعث پکڑے جانے کے بعد اگلے ہی دن پیشہ ور بھکاری دوبارہ سڑکوں پر ہوتے ہیں، 2016 کے دوران فیصل آباد بیگرز ہوم کا منصوبہ اے ڈی پی سکیم میں شامل کیا گیا جس پر ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چند اعتراضات لگائے گئے تاہم 2017 میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے اعتراضات دور کرکے بیگرز ہوم کی منظوری کے لیے دستاویزات ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ کمیٹی لاہور کو ارسال کر دی گئیں مگر تاحال بیگرز ہوم کی منظوری نہیں مل سکی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیگرز ہوم نہ ہونے کے باعث پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ،بھکاری مافیا اس قدر بااثر ہے کہ مختلف چوکوں چوراہوں اور علاقوں کے باقاعدہ ٹھیکے کئے جاتے ہیں ، مافیا کو روکنے کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر بے بس دکھائی دیتا ہے ۔ فوکل پرسن اینٹی بیگری کمپین محمد طاہر کا کہنا ہے کہ نشاندہی ہوتے ہیں بھکاری مافیا کے خلاف کاروائیاں کرتے ہیں جبکہ بیگرز ہوم کی تعمیر حکومتی منظوری کی منتظر ہیں،بیگرز ہوم کے قیام تک پیشہ ور بھکاریوں کا خاتمہ کسی صورت ممکن نہیں،یہی پیشہ ور بھکاری سفید پوشوں کی حق تلفی کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں