چنیوٹ:موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کا حصول مزید آسان
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو مزید آسان بنادیا گیا ، سپیشل مہم کے دوران شہریوں کیلئے لرنر کے بعد 42 دن انتظار کی شرط ختم کر دی گئی۔
شہری ایک ہی دن لرنر پرمٹ بنوا کر موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں ۔چنیوٹ میں ڈی ایس پی ٹریفک بابر نوازکی زیر نگرانی موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس تیار کئے جار ہے ہیں ۔ سابقہ لرنر کو رینیو کروا کر بھی شہریوں کے لائسنس تیار کئے جا رہے ہیں۔ سپیشل مہم کے دوران15 ہزار سے زائدشہری لائسنس بنوا چکے ہیں ۔ شہریوں نے ٹریفک پولیس کے اس اقدام کو خوب سراہا ہے ۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداﷲاحمد کا کہنا ہے کہ شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کئے جار ہے ہیں ۔ شہریوں کی سہولت کیلئے سپیشل مہم کے دوران آسان طریقے سے موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس تیار کیے جار ہے ہیں،لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ قانوناً جرم ہے ، قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آج ہی اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوالیں۔