ریلوے کی اراضی پر تجاوزات،غیر قانونی لنڈا بازار قائم،آپریشن اعلانات تک محدود
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ شہر کے اندر ریلوے کی راضی پر تجاوزات قائم ہو گئیں ،ریلوے حکام کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن اعلانات تک محدود،کروڑوں روپے کی جگہ پر غیر قانونی لنڈا بازار قائم ہوگئے ہیں جبکہ بعض نے تو سٹالز کو دکانوں میں تبدیل کر رکھا ہے ۔
گوندلانوالہ اورشیرانوالہ باغ پھاٹک کے ارد گرد میلوں رقبہ پر پھیلی ریلوے لائن کے ساتھ ریلوے کی جگہ پرسردی کی آمد کے ساتھ ہی غیر قانونی طور پر لنڈا بازار ایک بار پھر قائم ہو گیا ہے ۔ غیر قانونی لنڈا بازار کی آڑ میں لو گوں نے یہاں پر مارکیٹ کی طرح سینکڑوں دکانیں ،عارضی سٹال اورٹھیلے سجا کر گرم کپڑے ،ٹریک سو ٹس ،کپڑے ،سویٹر،کمبل اور دیگر ضروریات اشیا کا کاروبار شروع کر رکھا ہے ۔اس کے علاوہ ریلوے لائن کے ساتھ ساتھ کپڑوں ،جرسیوں کے سٹال بھی سجا رکھے ہیں ۔ حکام کی جانب سے ریلوے لائن کے اردگرد بیس بیس فٹ کے فاصلے پر دونوں اطراف دیوار بھی بنائی گئی ہے لیکن اس کے باوجود لنڈا بازار قائم ہے ۔ سٹالز اور ریڑھیاں لگانے والوں کا کہنا ہے کہ وہ یومیہ ٹھیلہ اور سٹالز لگانے کے پیسے دیتے ہیں ۔