واشنگٹن، پاکستانی سفارتخانہ کے زیراہتمام اسلامی خطاطی نمائش
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے نے فنون، دستکاری اور ادبی سلسلے کا آغاز کر دیا۔
پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن ڈی سی نے اسلامی خطاطی کے فن پر مبنی ایک نمائش کا انعقاد کیا جس میں معروف خطاط عائشہ کمال کو متعارف کروایا گیا، نمائش میں سفارت کاروں، امریکی حکومت کے حکام، ثقافتی شائقین، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی امریکن کمیونٹی نے شرکت کی۔ سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا اسلامی خطاطی نہ صرف ایک بصری فن ہے بلکہ یہ ایمان اور روحانیت کا گہرا اظہار بھی ہے۔ یہ اسلامی عقیدے کے ذریعے حاصل ہونے والے بھرپور ثقافتی ورثے کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکے پاکستانی خطاطوں نے اس فن کی ترقی اور بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے، جن میں صادقین اور استاد اللہ بخش شامل ہیں۔ خطاط عائشہ کمال نے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس نمائش کو ممکن بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔