کمشنر کا ایف ڈی اے سٹی کا دورہ ، زیرتعمیر بلڈنگ کی پیشرفت کا جائزہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کمشنر سلوت سعید نے ایف ڈی اے سٹی کا دورہ کیا اورڈویژنل پبلک سکول کے کیمپس کی زیرتعمیر بلڈنگ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری،چیف انجینئر مہرایوب اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصوراحمد خاں نیازی بھی ہمراہ تھے ۔
کمشنر نے ڈویژنل پبلک سکول کے کیمپس کے قیام کے لئے زیرتعمیر عمارت کو تیزرفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بلڈنگ کو جدید طرز تعمیر کا شاہکار ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ ڈویژن بھر میں معیاری اور باکفایت تعلیم کے لئے سرگرم عمل ہے اورسرگودھا روڈ پر ایف ڈی اے سٹی میں ڈی پی ایس کیمپس کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے جہاں 8 کنال رقبہ پر دومنزلہ جدید ایئر کنڈیشنڈ بلڈنگ گراؤنڈ اور فرسٹ فلورپر مجموعی طور پر14 کلاس رومز،4 جدید آئی ٹی لیبز،دو کامن رومز،کثیر المقاصد ہال،سٹاف روم، کانفرنس روم،سٹور روم،ڈسپنسری،ڈے کیئرسنٹر،واش رومز،ایڈمن بلاک اور خوشنما لان ہوگا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ بلڈنگ کی بنیادوں کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔اس مثالی تعلیمی منصوبے کی بدولت ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں سمیت اردگرد کی آبادیوں کے بچوں کو اعلی معیار کی باسہولت اور آرام دہ تعلیمی سہولیات میسرآئیں گی۔