شادی ہالوں میں کھانے کے معیارکی چیکنگ،ون ڈش کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)شادی ہالوں میں کھانے کے معیار کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق محمود گل کی زیر نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چنیوٹ روڈ،اے بی سی روڈ اور کینال روڈپر کارروائیاں کیں اور 3 شادی ہالز کو2لاکھ 70 ہزار کے جرمانے عائدکئے ۔
ایک من سے زائد ممنوعہ اجزا اور باسی،ایکسپائر اشیا تلف کئی جگہ کچن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے ۔ فریزر کی ناقص حالت، اوپن واشنگ ایریا اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار دیکھ گئی ،ایکسپائر و ممنوعہ اشیا برآمد ہونے پر کارروائیاں کی گئیں۔ علاوہ ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ/پرائس کنٹرول مجسٹریٹ شہزاد اکرم نے گزشتہ شب میرج ہالزکی انسپکشن کرکے ون ڈش اور وقت کی پابندی پر عملدرآمد کو چیک کیا۔انہوں نے میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پربعض شادی ہالز کی انتظامیہ کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔انہوں نے کہا کہ میرج ایکٹ پر عملدرآمدمیں زیروٹالرنس ہے لہذا وقت اور ون ڈش کی پابندی کو یقینی بنایا جائے ۔حکام کا کہنا ہے قوانین پر عمل درآ مد ہر صورت کروایا جائیگا۔