ملک جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا:محبوب الزماں
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہاہے کہ پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت کا حق ہے لیکن ملک جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔سیاسی افراتفری کا نقصان ہمیشہ جمہوریت کے خاتمہ کی صورت میں ہوتا ہے ۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں اختلاف طے شدہ نورا کشتی ہے جبکہ پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اعتراف اس کے غیرجمہوری رویوں کاعکاس ہے ۔ ملک کو بندگلی سے نکالنے کے لیے قومی ڈائیلاگ شروع کیا جائے ۔جمہوریت کے تسلسل کیلئے ضروری ہے کہ مسائل کا سیاسی و آئینی حل تلاش کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کے درمیان لگی مفادات کی آگ سے پوری قوم جل رہی ہے ۔آج پاکستان اس نہج پر پہنچ چکا ہے کہ قوم بری طرح تقسیم اور معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔اس صورت حال کو نہ روکا گیا تو بڑے نقصان کا اندیشہ ہے ۔