حکام غیر رجسٹرڈ لیبارٹریوں کا نیٹ ورک توڑنے میں ناکام

 حکام غیر رجسٹرڈ لیبارٹریوں کا نیٹ ورک توڑنے میں ناکام

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن شہر میں غیر رجسٹرڈ پتھالوجی لیبارٹریوں کا نیٹ ورک توڑنے میں ناکام، غیر معیاری کٹس کے استعمال سے شہریوں کو ٹیسٹ کے غلط نتائج دینے کا سلسلہ جاری۔۔

افسران مبینہ طور پر منتھلیاں لیکر خاموش تماشائی بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں پنجاب ہیلتھ کیئر سے غیر رجسٹرڈ لیبارٹریوں کا نیٹ ورک طویل ہوگیا جہاں سستے دام اور رعائیت کا جھانسہ دیکر مریضوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے ۔ سستی، غیر معیاری اور زائد المعیاد کٹس کے ذریعے مریضوں کے خون کے مختلف ٹیسٹ کرکے غلط رپورٹس دے دی جاتی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن کے افسران نے مذکورہ لیبارٹریوں سے مبینہ طور پر ماہانہ رشوت طے کررکھی ہے جس کے عوض انہیں کھل کر کھیلنے کی اجازت ہے ۔ لیبارٹریوں کے جانب سے پرانی مشینری کا استعمال کرکے بوگس نتائج فراہم کردیئے جاتے ہیں اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے شہریوں کے ہاتھ پاؤں بھی باندھ دیئے جاتے ہیں۔ رپورٹ پر خاص طور پر یہ تحریر کردیا جاتا ہے کہ نتائج کو کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت غیر رجسٹرڈ لیبز کے خلاف صرف کاغذی کارروائی کر رہا ہے اور سربمہر کی گئی چند ایک لیبارٹریاں کچھ روز بند رہنے کے بعد پھر کھل جاتی ہیں۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن سے نوٹس لیکر افسران کی ناقص کارکردگی پر محکمانہ کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں