بھکر جیل میں خواتین قیدیوں کی اصلاح کیلئے اقدامات کی ہدایت
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ جیل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر،چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،سی ای او ہیلتھ اورجیل سپرنٹنڈنٹ بھی موجود تھیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل بھکر میں قیدیوں کو دیگر سہولیات کیساتھ ساتھ طبی سہولیات کی عمدہ انداز میں فراہمی کا عمل بھی یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا کہ جیل میں ڈاکٹر اور ڈسپنسر کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے علاؤہ ازیں مستقل بنیادوں پر سکریننگ کا عمل بھی جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل بھکر میں خواتین قیدیوں کی اصلاح اور بہتری کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انہیں باہنر بنایا جاسکے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مرد قیدیوں کو بھی باہنر اور معاشرہ کا عمدہ شہری بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ جلد خصوصی پلان تشکیل دے گی۔