شہر کو تمباکو اور سموگ فری بنانے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں

شہر کو تمباکو اور سموگ فری بنانے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )کمشنر سرگودہا ڈویڑن جہانزیب اعوان نے کہاہے کہ تمباکو پاکستان میں سب سے بڑاخاموش قاتل ہے ۔

 تمباکو نوشی کی روک تھا م کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے ڈویڑن وضلع سطح پر عمل درآمد کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ کمیٹیاں تمباکو سے پاک شہر ، منصوبے کے تحت پنجاب کو سموگ فری بنانے کیلئے کام کریں گی۔ وہ ڈویڑنل عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا ، خوشاب ، میانوالی او ربھکر کے علاوہ صحت ، تعلیم ، پی ایچ اے ، لوکل گورنمنٹ اور سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن کوڈویڑنل جبکہ سی اوز ہیلتھ کو اضلاع کی سطح پر فوکل پرسن مقرر کیاگیا۔ کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایات کی کہ وہ اپنے اداروں کو تمباکو نوشی سے پاک بنائیں۔ اس طرح عوامی مقامات ، ہوٹلز ، ریسٹورنٹ ، مسافرگاڑیوں وپارکوں سمیت دیگر اہم مقامات پر تمباکو نوشی سے عائد پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایاجائے ۔ پاکستان میں 2025 تک سگریٹ نوشی میں 30 فیصد تک کمی لانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے ۔ سگریٹ نوشی سے روزانہ 450 جبکہ سالانہ ایک لاکھ 63ہزار 600 افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ ہر پانچ میں سے 2افراد سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ پاکستان میں 31.8 فیصد مرد اور 5.8 فیصد خواتین سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ کمشنر نے ضلع سطح پر قائم کوارڈی نیشن کمیٹیوں کو جلد اجلاس طلب کر کے اپنے شہروں کو سگریٹ نوشی سے محفوظ بنانے کی پالیسی ترتیب دے کر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں