منشیات فروش دوبارہ سرگرم ، نوجوان نسل متاثر
پارکس، تعلیمی اداروں کے اطراف اور اہم مقامات پر منشیات کی مبینہ کھلے عام فروخت، بڑے منشیات فروشوں کے بجائے نشے کے عادی افراد کیخلاف مقدمات کا انکشاف
فیصل آباد (عبدالباسط سے )پولیس کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر میں بااثر اور ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ہیں، جبکہ شہر کے مختلف پارکس، گرین بیلٹس، تعلیمی اداروں کے اطراف اور دیگر اہم مقامات پر منشیات کے عادی افراد کو مبینہ طور پر منظم انداز میں منشیات سپلائی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ منشیات کی مبینہ کھلے عام فروخت اور باآسانی دستیابی کے باعث نوجوان نسل، بالخصوص طلبہ و طالبات، اس خطرناک رجحان کی زد میں آنے لگے ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائیوں کے بجائے مبینہ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیے جانے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔فیصل آباد پولیس نے گزشتہ مہینوں کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرتے ہوئے شہر میں منشیات کے کاروبار پر کسی حد تک قابو پا لیا تھا، جس کے باعث منشیات کے عادی افراد کے لیے نشہ آور اشیا کا حصول بھی مشکل ہو گیا تھا۔
تاہم وقت گزرنے کے ساتھ مبینہ طور پر پولیس کی نگرانی اور کارروائیوں میں کمی آنے کے باعث منشیات فروش دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی کا دھندا ایک بار پھر زور پکڑنے لگا ہے ۔ذرائع کے مطابق بلال روڈ، سوساں روڈ، سمندری روڈ، ستیانہ روڈ، نڑ والا روڈ، پولیس لائن روڈ، کینال روڈ، ناولٹی پل، عاصم ٹاؤن قبرستان، غلام محمد آباد، بڑا قبرستان، صدیقیہ قبرستان بٹالہ کالونی، رضا آباد سمیت دیگر علاقوں میں مبینہ طور پر منشیات فروش اپنے مخصوص ٹھکانوں اور دیگر مقامات پر منشیات کے عادی افراد کو ٹوکن کی صورت میں نشہ آور اشیا فراہم کر رہے ہیں۔ذرائع نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ بعض متعلقہ تھانوں میں تعینات پولیس افسران اور اہلکار مبینہ طور پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان سے بھاری رقوم وصول کرکے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، جبکہ اعلیٰ حکام کو کارروائیوں کے حوالے سے مبینہ طور پر حقائق کے برعکس رپورٹس بھجوائی جاتی ہیں۔
مزید انکشاف ہوا ہے کہ اعلیٰ پولیس افسران کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے احکامات پر بعض تھانوں میں اصل منشیات فروشوں کے بجائے نشے کے عادی افراد یا منشیات فروشی ترک کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے کارروائیوں کے اعدادوشمار پورے کیے جانے کا الزام ہے ، جبکہ مبینہ طور پر اصل منشیات فروش بدستور اپنے غیر قانونی کاروبار میں مصروف ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ منشیات کی باآسانی دستیابی معاشرے کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے اور اس کے منفی اثرات بالخصوص نوجوان نسل پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سی پی او فیصل آباد اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشی میں ملوث بڑے گروہوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز مؤثر کارروائیاں کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments