بچوں کو نمونیا سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن ناگزیر،مراد شاہ

بچوں کو نمونیا سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن ناگزیر،مراد شاہ

27 اضلاع میں مفت ویکسین ،والدین ٹیکے وقت پر مکمل کروائیں،وزیراعلیٰٹریفک جام کا نوٹس، احتجاج کرنیوالوں کے جائز مطالبات حل کرنیکی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نمونیا سے بچاؤ اور بچوں کی صحت کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نمونیا کم عمر بچوں میں بیماری اور اموات کی ایک بڑی وجہ ہے جس سے بچاؤ کے لیے بروقت ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق سید مراد علی شاہ نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظتی ویکسین مقررہ وقت پر لازماً مکمل کروائیں تاکہ انہیں نمونیا اور دیگر مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے تحت ویکسین مفت دستیاب ہیں اور ای پی آئی سندھ صوبے کے ستائیس اضلاع میں مفت ویکسین مہیا کر رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانا، بچوں کی غذائیت، بروقت تشخیص اور معیاری علاج کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے شہر کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ احتجاج کرنے والے شہریوں کے جائز مطالبات کو فوری حل کیا جائے تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بحال ہوسکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...