کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل حل کیے جا رہے :نوید عاطف
درخواستیں متعلقہ افسروں کو بھجواتے ہوئے مقررہ وقت میں داد رسی کی ہدایت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے ڈی پی او آفس میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستیں متعلقہ افسران کو بھجواتے ہوئے مقررہ وقت میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈی پی او نے کمپلینٹ سیل کے افسران کو درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت کا فالو اپ لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ضلع بھر کے تمام تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کی سہولت کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل جلد از جلد حل کریں اور انہیں بلاوجہ انتظار نہ کروائیں۔ دفاتر اور تھانوں میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments