شاہراہوں پر تجا وزات کے خاتمے کے لئے بڑے کریک ڈائون کا فیصلہ

شاہراہوں پر تجا وزات کے خاتمے کے لئے بڑے کریک ڈائون کا فیصلہ

پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ سمیت اہم سڑکوں، پیپلز بس سروس کے مختلف روٹس پر آپریشن کیا جائیگا، پولیس،شہری انتظامیہ مشترکہ کارروائی کرینگے ، شرجیل میمن ٹریفک روانی میں رکاوٹ کے خاتمے کیلئے اقدامات کی ہدایات، سہراب گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی بس اڈے شہر سے باہر منتقل کئے جائینگے ، اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کراچی کی اہم شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت سندھ کے فیصلے کے مطابق پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے مختلف روٹس پر ترجیحی بنیادوں پر آپریشن کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس، شہری انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ مشترکہ طور پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرینگے ۔اجلاس میں کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کراچی پولیس چیف آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس کے روٹس پر قائم تجاوزات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

اس کے علاوہ سہراب گوٹھ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی بس اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔شرجیل میمن نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے روٹس پر تجاوزات کے باعث شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ سڑکوں پر غیر قانونی قبضوں اور رکاوٹوں سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ۔ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اہم شاہراہوں اور بس روٹس کو تجاوزات سے پاک کیا جائے ۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کی جائے اور غیر قانونی بس ٹرمینلز کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے تاکہ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہو اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت مل سکے ۔اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کراچی سے باہر جدید بس اڈے قائم کرنے اور کراچی بس ٹرمینل کی توسیع کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے متعلقہ حکام کو لاجسٹکس پارک کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو منظم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...