جی سی یو میں ذیابیطس کے حوالے سے سیمینار اورآگاہی واک

جی سی یو میں ذیابیطس کے حوالے سے سیمینار اورآگاہی واک

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ پبلک ہیلتھ فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز کے انچارج علی صفتین نے ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے عوام میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے کے لیے سیمینار اور واک کا انعقاد کروایا۔

واک کی قیادت وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کی ان کے ہمراہ ڈین پروفیسر ڈاکٹر عابد رشید، پروفیسر ڈاکٹر فیصل بلال لودھی، ڈاکٹر بدر بشیر، ڈاکٹر احمد شہزاد پریزیڈنٹ لائلپور ڈائبیٹک فاؤنڈیشن ،یونیورسٹی ڈینز، اساتذہ اور طلباء اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذیابیطس کے مریضوں کو اپنا طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے ، صحت مند زندگی گزارنے کے لیے متوازن غذا کے ساتھ ساتھ جسمانی ورزش کو معمول بنانا چائیے ۔ ڈاکٹر علی صفتین نے کہا کہ ذیابیطس اس وقت لاحق ہوتی ہے جب انسولین مناسب مقدار میں پیدا نہیں ہوتی، اس کی وجہ سے شکر ہمارے خون میں جمع ہونا شروع ہو جاتی ہے ، پاکستان میں اس وقت ذیابیطس کا پھیلاؤ 19 فیصد ہے جبکہ تین کروڑ سے زائد مریض اس میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹر عابد رشید نے کہا کہ شوگر کی بیماری آنکھوں، گردوں اور دیگر انسانی اعضاء کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی بی کے خطرے کا باعث بھی بنتی ہے ، پاکستان ذیابیطس کے مرض میں دنیا میں دسویں سے چوتھے نمبر پر آ گیا ۔ ڈاکٹر احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ذیابیطس کی شرح کو نہ صرف کنٹرول کرنا بلکہ اس بیماری کے خاتمے کے لیے جدید ترین سہولیات بھی فراہم کرنا ضروری ہے ۔ تقریب کے آخر میں شرکاء میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں