ریسکیو1122 سے متعلق مسائل مزید بڑھنے لگے

ریسکیو1122 سے متعلق مسائل مزید بڑھنے لگے

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں ریسکیو 1122سے متعلقہ مسائل ہر آنے والے دن کے ساتھ مزید بڑھنے لگے ،1122 کی ہیلپ لائن میں خرابی اور۔

ٹیموں کی مدد کیلئے پہنچنے میں غیر معمولی تاخیر معمول ، فائر ایمرجنسی میں ریسکیو کی فائر فائٹنگ کے باوجود عمارت اور سامان  کے مکمل تباہ ہونے کی اوسط مبینہ طور پر 90 فیصد سے بھی زیادہ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ریسکیو 1122 کی سروسز انتہائی ناقص ہوچکیں، شہریوں کی شکایات بڑھتی ہی جارہی ہیں۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے دعوی کیا جاتا ہے کہ ہیلپ لائن 1122 پر کال کی صورت میں شہر کے اندر 7 منٹ اور شہر سے باہر 11 منٹ میں امدادی ٹیم متاثرہ شخص یا جگہ پرموجود ہوتی ہے لیکن فیصل آباد میں ریسکیو کے اس دعوے کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ، ریسکیو کی امدادی ٹیم خواہ وہ ایمبولینس ہو یا فائر ٹینڈر ہمیشہ تاخیر سے پہنچتی ہے کئی کیسز میں ریسکیو ٹیم شہر کے اندر ہی 40 سے 45 منٹ بعد موقع پر پہنچتی ہے ، ہیلپ لائن میں فنی خرابی بھی معمول کی بات بن چکی ہے ۔دوسری طرف ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ کے بعد ذرائع کے مطابق متاثرہ عمارت کے تباہ ہونے کا تناسب بھی 90 فیصد سے زائد ہے ،فائر فائٹرز صرف دکھاوے کی کارروائی میں مصروف رہتے ہیں ۔ریسکیو ہیلپ لائن میں خرابی کے بعد ایک مخصوص واٹس ایپ گروپ میں لینڈ لائن نمبر دے دیا جاتا ہے جو شہریوں تک نہیں پہنچ پاتا ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رواں برس متعدد بار ریسکیو کی ہیلپ لائن غیر فعال ہوئی ،ریسکیو 1122 ایک مقدس گائے بن کر رہ چکی اور ملازمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ۔ ادھر ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو ظفر اقبال سے موقف لینے کے لیے رابطہ کرنے کی بارہا کوشش کی گئی مگر انہوں نے موقف دینے سے گریز کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں